جس نے پارلیمنٹ پر دھاوا بولا،ان پر آرٹیکل 6 لگائیں، علی محمد خان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ اگر آرٹیکل 6 لگانا ہے تو اس کا اطلاق اُن پر ہونا چاہیے جنہوں نے رات کے وقت پارلیمنٹ پر حملہ کیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو اپریل کو جس موقف پر کھڑا تھا، آج بھی اسی پر قائم ہوں۔ ہم بھاگنے یا چھپنے والوں میں سے نہیں ہیں؛ جمہوریت کا مقدمہ لڑنے کے لیے ایوان میں آیا ہوں۔ کل رات بھارت نے نہیں بلکہ پاکستانی اداروں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا۔ جو واقعہ پیش آیا، وہ جمہوریت کا نائن الیون تھا؛ 10 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ کل رات جو ہوا، وہ پاکستان کی تاریخ کا بھیانک باب ہے، کیونکہ اسرائیل یا ہندوستان نہیں بلکہ پاکستان سے نقاب پوش لوگ ایوان میں گھس کر ممبران کو لے گئے۔

علی محمد خان نے کہا کہ بھارت، اسرائیل یا امریکہ سے کوئی نہیں آیا؛ وہ نقاب پوش لوگ کون تھے جو پاکستان کے ایوان میں داخل ہوئے اور ہمارے لوگوں کو اٹھا کر لے گئے؟ یہ حملہ عمران خان، عامر ڈوگر، شیخ وقاص اکرم یا صاحبزادہ حامد رضا پر نہیں، بلکہ سپیکر صاحب، وزیراعظم اور شہید بے نظیر کے بیٹے بلاول بھٹو پر ہے۔ یہ حملہ پاکستان، آئین اور جمہوریت پر ہے۔ میرا مطالبہ ہے کہ کل رات پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے والوں پر، جن کے ذریعے یہ سب کچھ ہوا، آرٹیکل 6 لگایا جائے۔