پارلیمنٹ سے گرفتاریاں،سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 5 سکیورٹی اہلکار معطل

پارلیمنٹ سے گرفتاریاں،سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 5 سکیورٹی اہلکار معطل

اسلام آباد — قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت پانچ سیکیورٹی اہلکاروں کو پارلیمنٹ میں ہونے والی گرفتاریوں کے معاملے پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ میں سیکیورٹی کی ناکامی پر سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کو چار ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، دیگر چار سیکیورٹی اہلکار بھی معطل کیے گئے ہیں، جن میں سیکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور تین جونیئر سیکیورٹی اسسٹنٹس عبیداللہ، وحید صفدر، اور محمد ہارون شامل ہیں۔

سپیکر نے ابتدائی انکوائری رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس میں اراکین قومی اسمبلی کی گرفتاریوں کے معاملے پر ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس چار رکنی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری افتخار لغمانی کریں گے، جبکہ کمیٹی میں جوائنٹ سیکرٹری ارشد علی خان، رضوان اللہ، اور قائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کو جلد از جلد فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کمیٹی نو ستمبر کو پیش آنے والے واقعے کے محرکات کا جائزہ لے گی اور یہ معلوم کرے گی کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے کس کی اجازت سے پارلیمنٹ میں داخل ہوئے، اور پارلیمنٹ کی سیکیورٹی نے انہیں اندر آنے کی اجازت کیوں دی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تمام پہلوؤں کا تفصیلی تجزیہ کرے گی۔