چیئرمین ایچ ای سی کی دوبارہ تعیناتی پر وزیر اعظم کو نوٹس

اسلام آباد۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کی دوبارہ تعیناتی کے خلاف درخواست پر وزیر اعظم کو پرنسپل سیکریٹری کے ذریعے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت کو بھی وزارت تعلیم کے ذریعے اور ڈاکٹر مختار کو بھی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم اکتوبر تک جواب پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ سماعت اسلامیہ کالج پشاور کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر کی درخواست پر کی گئی ہے، جس کا تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

حکمنامے کے مطابق، پٹیشن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 7 اگست کے نوٹیفکیشن میں چیئرمین ایچ ای سی کی دوبارہ تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ایچ ای سی آرڈیننس کی شق 5 کے تحت ڈاکٹر مختار کو ایک سال کے لیے دوبارہ تعینات کیا گیا، جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ دوبارہ تعیناتی کے لیے مسابقتی عمل میں حصہ لینا ضروری ہے تاکہ اہلیت ثابت کی جا سکے۔