پاک فوج دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنادے گی، آرمی چیف

پاک فوج دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنادے گی، آرمی چیف

راولپنڈی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دشمن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنائے گی، اور خیبرپختونخوا پولیس کو تکنیکی معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز، اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، اور ان کی تیاریوں اور بلند حوصلے کی تعریف کی، تاکہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔پاک فوج نے عزم کیا کہ دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ آرمی چیف نے ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے لوث قربانیوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر اداروں کو تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

جنرل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے عوام کے امن کے قیام میں اہم کردار کا اعتراف کیا، اور پاک فوج کی حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت پر بھی اظہار تشکر کیا۔وانا پہنچنے پر آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے استقبال کے لیے کور کمانڈر پشاور موجود تھے۔