فلسطین ملبے کا ڈھیر بن گیا،دنیا آنکھیں کیسے بند رکھ سکتی ہے،وزیر اعظم

فلسطین ملبے کا ڈھیر بن گیا،دنیا آنکھیں کیسے بند رکھ سکتی ہے،وزیر اعظم

نیویارک ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی۔وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے ہیں، اور دنیا کیسے آنکھیں بند رکھ سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور فلسطین کو فوری طور پر اقوام متحدہ کا مستقل رکن تسلیم کرنا ہوگا۔ صرف مذمت کرنا کافی نہیں، بلکہ اس خونریزی کو فوری روکنا ہوگا۔ غزہ کا سانحہ انسانیت کو ہلا کر رکھ دیتا ہے اور معصوم بچوں، عورتوں اور نہتے شہریوں کے قتل پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو بڑھانے والوں کے ہاتھ بھی غزہ کے بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اور نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ عالمی برادری کو پائیدار امن اور دو ریاستی حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

کشمیریوں کے حوالے سے، وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، اور طے ہوا تھا کہ کشمیریوں کو یہ حق دیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی افراد کو کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے، اور بھارتی جبر کے باوجود کشمیر کے عوام برہان وانی کے نظریے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔