شمالی وزیرستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ: 6 ہلاک، 8 زخمی

وانا۔شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر، شیوہ آئل فیلڈ کے نزدیک اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ کی وجہ سے کریش کر گیا۔ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر میں تین غیر ملکی روسی پائلٹس اور کریو سمیت 14 مسافر سوار تھے۔

ذرائع کے مطابق، ہیلی کاپٹر کے گرنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر جائے حادثہ سے سی ایم ایچ تھل منتقل کیا گیا ہے، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔

حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ یہ انجن کے فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ کسی بھی قسم کی تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ اڑان بھرنے کے فوری بعد ہیلی کاپٹر میں تکنیکی فالٹ پیدا ہوا، جس کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران اس کا ٹیل روٹر زمین سے ٹکرا گیا۔ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔