پاک فوج نے بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا

راولپنڈی۔ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بی ایل اے کے 6 اہم عناصر کو ہلاک کیا گیا۔ دفاعی و سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ہرنائی علاقے میں 12 ستمبر 2024ء کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب مشترکہ آپریشن کیا۔ بی ایل اے کے اندرونی معتبر ذرائع کے مطابق، اس آپریشن کے نتیجے میں بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گرد مارے گئے، جن میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین، محمد گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادرمری عرف انجیر بلوچ، عبید بلوچ عرف فدا اور تاج محمد عرف بابل شامل ہیں۔ تمام ہلاک شدہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ لوگوں پر براہ راست حملوں میں شامل تھے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، بی ایل اے کے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے اور ان کی موت بی ایل اے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ دہشت گردوں کی طاقت کمزور ہو چکی ہے اور بلوچستان کی بہادر عوام نے نام نہاد آزادی کے جھوٹے نعروں کو مسترد کر دیا ہے۔