سپریم کورٹ کے باہر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف نعرے بازی

اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے وکلا نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا اور چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا اور راستوں پر کنٹینرز رکھے گئے، جس کی وجہ سے ایکسپریس ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور دفاتر اور تعلیمی اداروں کی جانب جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی آئی کے وکلاء جب رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے باہر پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری نے وہاں موجود تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ سے وکلاء کی ریلی سپریم کورٹ کے باہر پہنچی، جہاں انہوں نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف نعرے بازی کی۔ وکلا نے قاضی فائز عیسی کا پتلا بھی ساتھ لایا۔

بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے حقوق کا تحفظ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، وکلاء نے ہمیشہ باہر آ کر اپنا احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ آئینی ترمیم غیر آئینی ہے اور پورے ملک کو کنٹینرستان بنا دیا گیا ہے۔