آئینی ترامیم کی منظوری: بلاول کی وزیراعظم اور فضل الرحمان سے ملاقاتیں

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم کی منظوری کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملا، جہاں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن، نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

اسی دوران، بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ان کا استقبال کیا۔ بلاول آج صبح ہی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔

دوسری جانب، بلاول کی آمد سے قبل پی ٹی آئی کا وفد بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر چکا تھا اور آئینی ترامیم پر بات چیت کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بھی فضل الرحمان سے دو ملاقاتیں کی تھیں، جن میں پہلی ملاقات کے وقت پی ٹی آئی کا وفد پہلے سے موجود تھا، جس پر بلاول نے باہر رک کر فضل الرحمان کا انتظار کیا۔