مخصوص نشستوں کے کیس کی دوسری وضاحت کیسے جاری ہوئی؟ چیف جسٹس نے جواب مانگ لیا

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخصوص نشستوں کے معاملے میں آٹھ ججوں کی دوسری وضاحت کے بعد سپریم کورٹ کے عملے سے وضاحت طلب کی۔

چیف جسٹس پاکستان نے ڈپٹی رجسٹرار مجاہد محمود، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت مانگی اور سوال کیا کہ بغیر اصل فائل جمع کرائے وضاحت کس طرح جاری کی گئی؟

سپریم کورٹ کے ذرائع کے مطابق، ڈپٹی رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں پوچھا گیا ہے کہ بغیر اصل فائل جمع کرائے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر وضاحت کیسے شائع کی گئی؟

ذرائع کے مطابق، اس معاملے میں ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔یاد رہے کہ دو دن قبل سپریم کورٹ کے آٹھ ججز نے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے حوالے سے دوسری وضاحت جاری کی تھی، جس میں الیکشن کمیشن کو یہ پابندی عائد کی گئی تھی کہ وہ انتخابی ایکٹ میں ترمیم کے باوجود عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کا پابند ہے۔