ملک خاموش انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے،عمران خان

جیل سے نہ نکالنے پر پارٹی رہنمائوں کی سرزنش کر دی

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے پارٹی رہنماؤں کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں خوب جھاڑ پلائی۔اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق، بانی چیئرمین نے ملاقات کے لیے آئے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پی ٹی آئی کا وفد، جس کی قیادت بیرسٹر گوہر کر رہے تھے، آئینی ترامیم پر مشاورت کے لیے اڈیالہ جیل گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق، بانی چیئرمین نے پارٹی رہنماؤں کو سختی سے کہا کہ آپ لوگوں کا مجھے کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جیل سے نکلنے کے لیے جو منصوبہ میں نے دیا تھا، اس پر کسی نے عمل نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے احتجاج جاری رکھنے کا کہا تھا، لیکن آپ کے تمام احتجاج ناکام رہے۔ آپ سے کہا گیا تھا کہ ایس سی او کے موقع پر احتجاج کرنا ہے، لیکن اس پر بھی کوئی عمل نہیں ہوا۔عمران خان نے واضح کیا کہ اگر ان کے دیے گئے منصوبے پر عمل نہیں کیا گیا تو وہ باہر نہیں آ سکیں گے۔ کشیدگی کے باعث ان کی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات ادھوری رہی۔