وفاقی کابینہ نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور صدر کو اعتماد میں لیا گیا۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مصدق ملک نے بتایا کہ حکومت نے اپنا مسودہ منظور کر لیا ہے، اور کابینہ نے پیپلز پارٹی، حکومت اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ طور پر تیار کردہ اس مسودے کی منظوری دی۔

گزشتہ شب ہونے والے کابینہ اجلاس میں آئینی ترمیم کے بل پر غور کیا گیا، جس میں بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی دعوت پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات کابینہ کو بتائیں۔

بعد میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ کا اجلاس اتوار کو سہ پہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگا، جس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئینی یا قانونی بلز کی کابینہ سے منظوری ایک قانونی ضرورت ہے، جس کے لیے یہ اجلاس بلایا گیا تھا۔