27ویں آئینی ترمیم پر مولانا نے کال دی تو لگ پتہ جائے گا، شیخ رشید

راولپنڈی ۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم حکومت کے لیے مسائل پیدا کرے گی اور کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اگر مولانا فضل الرحمان نے 27ویں ترمیم پر کال دی تو سب کو حقیقت کا پتہ چل جائے گا۔

راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں کے خواب ٹوٹ چکے ہیں، اس لیے مزید ترمیم کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان نے ہی ملک و قوم کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار آفریدی چیف جسٹس سامنے آیا ہے، جو کہ 42 ممالک کو شکست دینے کی تاریخ رکھتا ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی انصاف کا علم بلند رکھیں گے۔

دوسری جانب، شیخ رشید احمد نے تمام مقدمات میں عدم ثبوت کی بنیاد پر بری ہونے کی درخواستیں دائر کیں۔ عدالت نے ان درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسران کو نوٹس جاری کر دیے، جبکہ آئندہ سماعت 8 نومبر کو سرکاری وکلاء کے لیے بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ یہ تمام مقدمات جھوٹے سیاسی انتقام کا نتیجہ ہیں اور کوئی بھی ثبوت موجود نہیں۔ ایک شخص بیک وقت 14 مقامات پر توڑ پھوڑ نہیں کر سکتا، لہٰذا انہیں بری کیا جائے۔