سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان

ریاض: سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کردیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا گیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور سعودی وزیرِ سرمایہ کاری و مشیرِ شاہی دیوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا خواجہ آصف، اسحاق ڈار ، عطا تارڑ، جام کمال خان اور وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران 27 مفاہمتی یاد داشتوں کے تحت 2.2 ارب ڈالر سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا تھا، تبھی کہا تھا کہ یہ آغاز ہے جس میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے سرمایہ کاری کو 2.2 سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے مزید سرمایہ کاری کے اعلان پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاملات میں تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سعودیہ سے مل کر خوشحالی و ترقی کی منازل طے کریں گے اور مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیا، سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ اینی شیٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں، پاکستان اور سعودی عرب مل کر خوشحالی کی منزلیں طے کریں گے، سمجھوتوں کی ابھی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور ان پر کام شروع ہوچکا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ گزشتہ روز انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے، دورہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنارہے ہیں۔