راولپنڈی ۔خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 خوارج ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے میجر اور دو فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں کے علاقے بکا خیل میں آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے تلاش کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے جبکہ پاک فوج کے میجر عاطف خلیل اور نائیک آزاد اللہ، غضنفر عباس نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید میجر عاطف خلیل کی عمر31سال اور وہ سدھنوتی آزاد کشمیر کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے دو جوانوں میں نائیک آزاد اللہ تھے، جن کی عمر36 سال اور وہ ضلع کرک کے رہائشی تھے جبکہ شہید لانس نائیک غضنفر عباس کی عمر 35 سال اور وہ ضلع لیہ کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر 29 اور 30 اکتوبر کو آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک خارجی ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔