اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ’’کیس کیڈ‘‘ پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے جدید سہولتوں سے مزین اس مرکز کے قیام کی تعریف کی۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پولیس خدمت مرکز کے قیام کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ “سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دورِ حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کیڈ خدمت مرکز کا قیام واقعی قابلِ تحسین ہے۔”
آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو اس مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس خدمت مرکز میں سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں کو متعدد خدمات فراہم کی جائیں گی جن میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویریفکیشن، گمشدگی کی رپورٹ درج کرانا، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹیئرز کی رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویریفکیشن اور ایف آئی آر کی کاپی کا حصول شامل ہیں۔