نادرا سے ڈیٹا چوری کا معاملہ؛ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد۔نادرا سے 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کے معاملے میں ذمہ داروں کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے اس بات کا پردہ فاش کیا کہ تاحال ڈیٹا چوری کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی قانونی یا انتظامی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

راجہ خرم نواز کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں آغا رفیع اللہ نے کہا کہ 27 لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری ہونے کا مسئلہ محض ایک عددی فرق نہیں تھا، بلکہ اصل مسئلہ یہ تھا کہ کچھ اہم افراد کا ڈیٹا لیک ہونے پر اعتراضات اور شکایات اٹھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد ڈیٹا لیک کرنے کے ذمہ دار تھے، وہ آج بھی نادرا میں کام کر رہے ہیں اور ادارے کے اہم حصوں میں شامل ہیں۔ آغا رفیع اللہ نے یہ بھی کہا کہ ان افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، بلکہ وہ مزید اہم پوسٹوں پر تعینات ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ محکمے میں اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔