وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش

باکو: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس (COP-29) کی سائیڈ لائن پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی پیش کش کی۔

وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے دوران آذربائیجان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔

اس اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے باکو میں ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے کامیاب انعقاد پر صدر علیوف کو مبارکباد دی اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کے وژن اور عزم کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان زہریلی گیسوں کے اخراج میں بہت کم حصہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے آذربائیجان اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ اس دوران دونوں نے اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی روابط و ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور دیگر علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔