اسلام آباد ۔توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی درخواست بریت مسترد کر دی گئی۔اسپیشل جج سنٹرل، شاہ رخ ارجمند نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی درخواست بریت منظور نہیں کی جاتی۔ تاہم، اس کیس میں ابھی تک ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت پیر 18 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے، اور اس دن ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ اس دوران، بانی پی ٹی آئی عمران خان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بشری بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہو سکیں۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت کی سماعت 12 نومبر کو بغیر کسی کارروائی کے 14 نومبر تک ملتوی کر دی گئی تھی، جس کی وجہ اسپیشل جج سینٹرل کی عدم دستیابی تھی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ 12 نومبر کو سنانا تھا۔