اسلام آباد:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کو کھیلوں کو سیاست سے جدا رکھنا چاہیے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیوں پر یقین نہ کیا جائے، کیونکہ کچھ عناصر پاک چین تعلقات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام اور ایک دوسرے کی سلامتی کے احترام پر مبنی ہیں، اور پاکستان کسی کو بھی دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا۔
لندن میں فائز عیسیٰ پر حملے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ احتجاج ہمیشہ حدود کے اندر ہونا چاہیے اور پاکستانیوں کو جہاں بھی ہوں، انہیں عزت و احترام سے پیش آنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی گالی گلوچ یا بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے بارے میں کرکٹ بورڈ ہی بیان دے سکتا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی بیک ڈور چینل کام نہیں کر رہے اور کھیلوں کو سیاست کا شکار نہیں بنانا چاہیے۔
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل عرصے سے دوستانہ تعلقات ہیں، اور دونوں ممالک باہمی مفادات اور ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان امریکی انتظامیہ میں کسی کی تقرری کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔
ترجمان نے زلمے خلیل زاد کے بارے میں مزید کہا کہ ان کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے، اور سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے کوئی بیان دینے کی ضرورت نہیں ہے۔