وزیراعظم کی طبیعت ناساز، نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس مؤخر

اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے گزشتہ دو دنوں سے کسی ملاقات یا اجلاس کی صدارت نہیں کی، اور آج بھی کوئی اجلاس شیڈول نہیں تھا۔

ڈاکٹر نے وزیر اعظم کو بخار اور سینے میں انفیکشن کی شکایت پر دو دن پہلے مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔ آج شام دوبارہ طبی معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ ملاقاتوں کے شیڈول کا تعین کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس اجلاس میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا جانا تھا۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجوہات کا تجزیہ کیا جانا تھا، ساتھ ہی اہم فیصلوں کی منظوری بھی دینی تھی۔