آرمی چیف کی راولپنڈی کے سینٹ کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس کی تقریب میں شرکت

راولپنڈی ۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ کا دورہ کیا اور اقلیتوں کو قومی فخر اور طاقت کا ذریعہ قرار دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منائیں اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ اس دورے کا مقصد ہم آہنگی اور شمولیت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔

چرچ میں مسیحی برادری نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر کرسمس کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمدردی، سخاوت، اور خیرسگالی جیسے آفاقی اصولوں کی یاد دلاتا ہے، جو ہماری متنوع قوم کو متحد رکھنے کی بنیاد ہیں۔

آرمی چیف نے مسیحی برادری کی پاکستان کی سماجی، ثقافتی، اور معاشی ترقی میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں ہمارے لیے فخر اور قوت کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی بصیرت، پختہ ارادہ، اور ایمان، اتحاد، اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہنے کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔

جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر عہد کیا کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے قوم بھرپور کوششیں جاری رکھے گی اور ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے مل جل کر کام کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ قائداعظم کے آزادی، مساوات، اور مذہبی رواداری کے اصول آج بھی قوم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔