نئے سال میں وفاقی کابینہ میں توسیع ،نیا چہرہ توقیر شاہ کو شامل کئے جانے کا امکان

اسلام آباد :نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی کابینہ میں تبدیلی اور توسیع کا امکان، اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا گیا۔

وفاقی حکومت نے کابینہ میں تبدیلیاں اور توسیع کرنے کا ارادہ کر لیا ہے، جس کے لیے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں اور توسیع کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے، جبکہ نون لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے بھی مشورہ لیا جا چکا ہے۔

یہ تبدیلی اور توسیع نئے سال کے پہلے مہینے میں متوقع ہے۔

کابینہ میں نیا چہرہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ میں توسیع کے بعد سب سے نمایاں شخصیت ڈاکٹر سید توقیر شاہ ہوں گے، جو اس وقت عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر توقیر شاہ ماضی میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر سید توقیر شاہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں پاکستان واپس آ کر کابینہ کا حصہ بننے کی دعوت دی تھی، جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔

ڈاکٹر توقیر شاہ کو کابینہ میں مکمل وزیر کا درجہ دیا جائے گا اور انہیں وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا جائے گا۔

فی الحال وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 18 ہے، جبکہ حکومت کے مجموعی قلم دان 33 ہیں، جن میں 2 وزرائے مملکت، 3 معاونین خصوصی اور ایک مشیر شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جن افراد کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ان میں بیرسٹر عقیل ملک، سینیٹر طلال چوہدری، اقلیتی سینیٹر خلیل طاہر سندھو، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، اور حنیف عباسی شامل ہیں۔یہ موجودہ مخلوط حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد کابینہ میں پہلی بڑی توسیع ہوگی۔