عمران خان نے ڈیل کی پیش کش مسترد کردی، ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی کال

راولپنڈی ۔سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے جیل سے نکال کر گھر میں نظربند رکھنے کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں سیاسی تبدیلی اور جمہوریت کی بحالی پر زور دیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید عمران خان نے حکومت کی جانب سے مذاکرات اور سیاسی مواقع فراہم کرنے کے بدلے میں نظر بندی کی ڈیل کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

عمران خان نے ایک سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ انہیں حکومت کی جانب سے بنی گالہ میں رہائش کے دوران نظربند رکھنے کی تجویز دی گئی تھی، لیکن انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسی کسی بھی ڈیل کے بجائے جیل میں رہنے کو ترجیح دیں گے۔

عمران خان نے اپنے بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کے تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ترسیلات زر کا بائیکاٹ کریں، اور کہا کہ یہ اقدام ملک میں حقیقی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اہم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلات زر کا بائیکاٹ حکومت کو ان کے مطالبات پورے کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا ایک ذریعہ ہوگا، تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر مذاکرات مثبت نتائج دیتے ہیں تو اس مہم کو ختم کیا جا سکتا ہے۔