سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھانجے اور بہنوئی کا ساتھیوں سمیت موٹر وے پولیس سے جھگڑا ہاتھا پائی میں بدل گیا، وردیاں پھاڑ دیں، تشدد سے موٹر وے پولیس کے دو سب انسپکٹر زخمی ہو گئے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھانجے ارباب خان اور بہنوئی طالب کا ساتھیوں سمیت اسلام آباد ایم ون ٹول پلازہ پر موٹر وے پولیس سے جھگڑا ہو گیا، تشدد کے نتیجے میں موٹر وے پولیس کے دو سب انسپکٹر ابراہیم خٹک اور سب انسپکٹر حماد زخمی ہوگئے، ان کے چہرے اور ناک پر چوٹیں آئیں، ان کی وردی پھاڑ دی گئی، ڈی ایس پی موٹر وے بیٹ 4 ایوب خان نے موقع پر پہنچ کر 8 افراد کو گرفتار کر کے تھانہ نصیر آباد کے حوالات میں بند کردیا، ان تمام ملزمان کے خلاف دفعہ 353 اور مزید 7 دفعات کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا۔
موٹر وے پولیس کے آئی جی انعام غنی نے کسی بھی قسم کا سیاسی پریشر قبول نہ کیا بلکہ تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا، ان افراد کی ایک گاڑی کو 1700 روپے اوور سپیڈ کی وجہ سے جرمانہ بھی ہوا لیکن انہوں نے ادا نہیں کیا اور وہاں پر گاڑی نہیں روکی۔ ٹول پلازہ پر ویگو ڈالے کے پیچھے بارہ افراد سوار تھے، موٹر وے پولیس نے ان تمام افراد کو اتارنے کا کہا تو انہوں نے جھگڑا شروع کر دیا اور موٹر وے پولیس کی وردیاں پھاڑ دیں۔