اسلام آباد۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) گزشتہ تیس سالوں سے پاکستان کی ترقی اور فلاح کے لیے سرگرم ہے۔
شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر اپنے بیان میں کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سو اٹھارہ سال پہلے مسلم لیگ کے قیام نے مسلمانوں کے لیے ایک نئے اور آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد میں تیزی پیدا کی، جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد ملک ملا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے ہمیں ملک اور قوم کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہے، اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، عوامی فلاح کو اولیت دی، اور پاکستان کی سلامتی و معیشت کو ہمیشہ ترجیح دی۔ انہوں نے اپنی سیاست کو پاکستان کو بچانے کے لیے قربان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ پارٹی کے کارکنان اور سیاسی رہنماؤں کے شکر گزار ہیں جن کی مدد سے پارٹی نے آمروں کے سامنے حق کا پرچم بلند کیا، اور ہم نے قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کیا لیکن کبھی بھی عوام کو تقسیم کرنے والی سیاست نہیں اپنائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کو سیاست سے الگ کرنے کی متعدد سازشیں کی گئیں، مگر ان کی سیاسی بصیرت اور عوام کی خدمت کے جذبے نے انہیں کامیاب بنایا۔ مسلم لیگ ن کے ادوار میں ملک کی صنعت، زراعت، اور معیشت میں ترقی ہوئی، اور سفارتی سطح پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات مستحکم ہوئے، جس سے عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج بھی مسلم لیگ ن اپنے قائد کی رہنمائی میں عوام کی خواہشات کے مطابق ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے، اور اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے ہم اسی طرح پاکستان کی ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے۔