اسلام آباد۔پاکستان نے سال 2024 کو تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ الوداع کیا اور نئے عزم و امید کے ساتھ سال 2025 کا استقبال کیا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک کے بعد رات 12 بجتے ہی پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوگیا۔ جیسے ہی گھڑیال میں 12 بجے، ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان روشن ہو گیا اور شہریوں نے نئے سال کی خوشی میں خوب جشن منایا۔
پاکستانیوں کو امید ہے کہ سال 2025 ملک اور عوام کے لیے ترقی کا سال ہوگا اور اس میں نئی کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔
نئے سال کی آمد کے موقع پر مختلف شہروں میں آتشبازی اور میوزیکل پروگرامز منعقد کیے گئے۔ کراچی کے گورنر ہاؤس میں بھی عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے آتشبازی کی گئی، جسے دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد وہاں پہنچی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دعویٰ کیا کہ 40 منٹ تک لگاتار آتشبازی کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، تمام صوبوں میں سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا تھا اور کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا خبردار کیا۔
صدر مملکت کا سال نو پر پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان کے لیے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لے کر آئے، اور اُمید ہے کہ یہ سال عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ثابت ہوگا۔
صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نجات پانے کے لیے یکجہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہوگا۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی، اور قوم کو پچھلے سال کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا تجزیہ کر کے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔
صدر مملکت نے عوام سے درخواست کی کہ نئے سال کے آغاز پر عوامی خدمت، امن و استحکام کے لیے محنت کرنے کا عزم کریں اور اللہ سے دعا کی کہ نیا سال پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال ہو۔