پاکستان میں سال نو کا رنگا رنگ آغاز، جگہ جگہ تقریبات، آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ

اسلام آباد ۔پاکستان میں سال نو کا آغاز رنگا رنگ طریقے سے ہوا، رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ جیسے ہی 2025 کا آغاز ہوا، منچلے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور سال نو کا جوش و خروش کے ساتھ جشن منایا۔

سال نو کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا بھی سامنا کیا گیا۔

ملک کے مختلف حصوں کے عوام اپنے منفرد انداز میں نئے سال کا استقبال کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو نیک تمناؤں اور مبارکبادوں سے نوازا جا رہا ہے۔ کراچی کے روشنیوں کے شہر میں رات کے 12 بجتے ہی جشن کا آغاز ہوا اور اسی طرح بحریہ ٹاؤن کراچی، سینٹورس مال اسلام آباد سمیت دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں میں بھی جشن منایا گیا۔

دوسری جانب، صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میری دعا ہے کہ 2025 کا سورج پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی لے کر طلوع ہو، اور ہم گزشتہ سال کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ایک نیا آغاز کریں اور روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیا سال پاکستان اور پوری دنیا کے لیے بھوک، افلاس، جنگ، دہشت گردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ہو۔ 2024 پاکستان کے لیے کامیاب سال تھا، جس میں معاشی اشاریے بہتر ہوئے، عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا، اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے قومی اقتصادی ٹرانسفارمیشن پلان ‘اڑان پاکستان’ کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد معیشت کو نئی جہت دینا اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ 2025 میں داخل ہوتے ہوئے ہم نے معیشت کو خود انحصاری کی راہ پر ڈال لیا ہے اور ایک مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 میں فلسطین اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کی کہانیاں رقم ہوئیں، اور میں دعا گو ہوں کہ 2025 میں ان علاقوں کے عوام اپنی آزادی کی جدوجہد میں کامیاب ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہم عہد کرتے ہیں کہ اس ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کا پاکستان بنائیں گے اور اس کی ترقی و خوشحالی میں اپنا خون و پسینہ بہائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ 2025 ہماری قوم کے لیے خوش قسمتی اور خوشیوں کا سال ثابت ہو۔