کوہاٹ۔ پارا چنار میں امن کے قیام کے لیے کوہاٹ میں جاری جرگہ ختم ہو گیا، دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
کرم میں امن کے قیام کے لیے کوہاٹ میں منعقد ہونے والا گرینڈ جرگہ کچھ دیر قبل مکمل ہو گیا۔ معاہدے پر دونوں فریقوں کی جانب سے دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں طرف کے لوگ امن کے قیام کے لیے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، یہ جرگہ تین ہفتے سے کوہاٹ میں جاری تھا، اور اس میں کمشنر کوہاٹ کی نگرانی میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
کرم امن جرگہ کے معاہدے کے مطابق، دونوں فریق کرم میں غیر قانونی بنکرز کو ختم کرنے اور اسلحہ اکٹھا کرنے کے پابند ہوں گے۔ امن کے قیام کے بعد حکومت کرم تک پہنچنے والے راستوں کو کھولے گی۔
حکومت 399 ارکان پر مشتمل ایک خصوصی فورس قائم کرے گی جو کرم کے راستوں کی حفاظت کی ذمہ داری لے گی۔ کرم امن معاہدے کا باقاعدہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں کیا جائے گا، اور دونوں فریق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی پابندی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امن معاہدے پر ایک فریق پہلے ہی دستخط کر چکا تھا، اور اب دوسرے فریق نے بھی دستخط کر دیے ہیں۔