نیو یارک۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی دو سالہ مدت کی بین الاقوامی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے غیر مستقل ارکان کے جھنڈے نصب کرنے کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس دوران سلامتی کونسل میں پاکستان کا جھنڈا بلند کیا گیا۔
پاکستان کے ساتھ اس مرتبہ ڈنمارک، یونان، پاناما، اور صومالیہ بھی غیر مستقل ارکان کی حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں۔
پاکستان آٹھویں بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا ہے، اور اس نے 193 میں سے 182 ووٹ حاصل کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں ایک متحرک اور مثبت کردار ادا کرتے ہوئے عالمی مسائل کے حل کے لیے کام کرے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ سلامتی کونسل پانچ مستقل ارکان (امریکہ، برطانیہ، روس، چین، اور فرانس) اور دس غیر مستقل ارکان پر مشتمل ہے۔