سکھر۔سکھر کی سیشن کورٹ نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر وزیراعظم، وزیر خارجہ، اور وزیر داخلہ کو جواب دہی کے لیے طلب کر لیا۔
مقامی وکیل محمد علی شاہ نے اس حادثے کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومتی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے بے روزگار پاکستانی غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے پر مجبور ہوئے، جس کے نتیجے میں 75 پاکستانی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ وکیل نے کہا کہ اس واقعے کی ذمہ داری حکومتی عہدیداروں پر عائد ہوتی ہے اور ان کے خلاف روہڑی تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے اس درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے وزیراعظم، وزیر خارجہ، اور وزیر داخلہ کو 15 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ایس ایس پی سکھر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی نوٹس جاری کیا ہے تاکہ تمام متعلقہ حکومتی عہدیدار عدالت کے روبرو پیش ہوں اور حادثے کے حوالے سے وضاحت فراہم کریں۔