سیاسی اختلافات میں اسلامی احکام و اقدار پامال ہو رہی ہیں،مفتی تقی عثمانی

معروف  عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہےکہ سیاسی اختلافات میں جس بری طرح اسلامی احکام و اقدار پامال ہورہی ہیں ان کا تصور کرکے ڈر لگتا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اختلاف چاہے سیاسی ہو یانظریاتی، اسے دشمنی بنا کر مرنے مارنے اور گالیاں دینے کا طریقہ معاشرے کے لیے مہلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنقید دلائل سے ہوتی ہے، بھونڈی زبان سے نہیں، قرآن میں حضرت موسی و حضرت ہارون علیہ السلام کو فرعون کے مقابلے میں بھی نرم بات کرنے کی تلقین فرمائی گئی، خدارا سوچیں کہ ہم کہاں جارہے ہیں۔

مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات میں جس بری طرح اسلامی احکام و اقدار پامال ہورہی ہیں ان کا تصور کرکے ڈر لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰٰ اس کے وبال سے بچائے، قرآن کریم سورہ حجرات میں فرماتاہے کہ ایک دوسرے کا مذاق نہ اڑاؤ، غیبت نہ کرو بدگمانی نہ کرو، کسی دوسرے کی ٹوہ میں نہ رہو اور کسی کانام بگاڑ کر نہ بلاؤ۔