کراچی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ ٹیکسوں کے بوجھ سے پاکستان کو نہیں چلایا جا سکتا، تاہم ہمیں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پورے کرنا ہوں گے اور وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا جائے گا۔
کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار اسٹاک مارکیٹ کا دورہ کرکے خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابیاں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں اور ہمیں اب معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسٹاک مارکیٹ کی مثبت کارکردگی کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بہت سے خوش نما پروگرام دیکھے اور سنے ہیں، مگر اب وقت آ گیا ہے کہ عملی اقدامات سے معیشت کو مضبوط بنایا جائے۔ کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب شہر کی روشنیاں ماند پڑ گئی تھیں، مگر آج کراچی دوبارہ اپنی روشنیوں کی طرف لوٹ رہا ہے۔ کراچی پاکستان کا تجارتی، مالیاتی اور برآمداتی مرکز ہے اور ہم اسے معیشت کی ترقی کے لیے مزید مضبوط کریں گے۔
قبل ازیں، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی اے ایف بیس فیصل پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور وزیر مملکت علی پرویز ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم کے شیڈول کے مطابق وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بعد کے پی ٹی اور آغا خان یونیورسٹی میں منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم مختلف کاروباری حلقوں اور دیگر وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔