عمران دور میں جنرل عاصم منیر کا یو اے ای سے قرض کے حصول میں کلیدی کردار تھا، اسد عمر کا انکشاف

اسلام آباد۔سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں موجودہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کے قرض کے حصول میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس وقت جنرل عاصم منیر انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

اسد عمر نے کہا، “یہ وقت کی حقیقت ہے کہ ہم قرضوں کے حوالے سے خوشی منا رہے ہیں، لیکن یہ قرض پہلے سے موجود تھا اور ہمیں صرف ری شیڈولنگ کی یقین دہانی ملی ہے۔”

انہوں نے بتایا، “جب ہمیں متحدہ عرب امارات سے 2 بلین ڈالر کا قرض ملا تو میں وزیر خزانہ تھا، اور اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل عاصم منیر نے اس میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔”

اسد عمر نے مزید کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی جنرل عاصم منیر کو اس مقصد کے لیے متحدہ عرب امارات بھیجا تھا، اور وہ خود جنرل منیر کے ساتھ مذاکرات کے دوران موجود تھے۔