دسمبر 2024 میں ترسیلات زر میں کئی گنا اضافہ،وزیر اعظم کی قوم کومبارکباد

اسلام آباد ۔دسمبر 2024ء میں پاکستان کو کارکنوں کی جانب سے 3.1 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں، جو پچھلے مہینے کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہیں۔

مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 17.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو مالی سال 24ء کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 13.4 ارب ڈالر کے مقابلے میں 32.8 فیصد زیادہ ہیں۔ دسمبر 2024ء میں سالانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 29.3 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 5.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ترسیلات زر کے سب سے بڑے ذرائع سعودی عرب (770.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (631.5 ملین ڈالر)، برطانیہ (456.9 ملین ڈالر)، اور امریکا (284.3 ملین ڈالر) رہے۔

سعودی عرب سے سب سے زیادہ رقم موصول ہوئی، جو دسمبر 2024ء میں 770.6 ملین ڈالر تھی۔ یہ رقم ماہانہ بنیاد پر 6 فیصد اور گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے، جب 577.6 ملین ڈالر بھیجے گئے تھے۔

متحدہ عرب امارات سے دسمبر 2024ء میں 631.5 ملین ڈالر کی ترسیلات زر ہوئیں، جو نومبر کے 619.4 ملین ڈالر کے مقابلے میں 2 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 51 فیصد زیادہ ہیں۔

برطانیہ سے ترسیلات زر 456.9 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو نومبر 2024ء کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔ سالانہ بنیاد پر برطانیہ سے موصول ہونے والی رقم میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔

امریکا سے دسمبر 2024ء میں 284.3 ملین ڈالر موصول ہوئے، جو ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی کی عکاسی کرتے ہیں۔

یورپی یونین سے دسمبر 2024ء میں 360.3 ملین ڈالر موصول ہوئے، جو نومبر کے 323.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے تارکین وطن کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زربھیجنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ تارکین وطن ملکی معیشت کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔