اسلام آباد ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزارت ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ نے وزیرِ اعظم کو وزارت کے مختلف اداروں میں جاری اصلاحات پر پیش رفت اور پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی ہاؤسنگ پالیسی 2001 میں ترامیم کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشارت مکمل کرلی گئی اور وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں مارچ 2025 تک اسکی حتمی منظوری کا عمل مکمل ہو جائے گا\
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کو گھروں کی الاٹمنٹ اور کرایوں کے حصول کیلئے نظام کو ڈیجیٹل کر لیا گیا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا اور نظام میں شفافیت آئے گی. وزیرِ اعظم کو پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت کچلاک کوئٹہ میں 630 کم لاگت رہائشی یونٹس جبکہ اسلام آباد میں 4112 رہائشی یونٹس پر کام تیزی سے جاری ہے. وزیرِ اعظم نے ان منصوبوں کی جلد تکمیل اور تھرڈ پارتی ویلیڈیشن کی ہدایت کی. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پشاور میں 5728 کم لاگت رہائشی یونٹس پر جلد کام شروع کیا جائے گا جبکہ مستقبل قریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں 5600 رہائشی یونٹس پر کام شروع کیا جائے گا\
وزیرِ اعظم نے تمام رہائشی منصوبوں میں اچھی شہرت کی تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات لینے کی ہدایت کر دی. وزیرِ اعظم کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاوسنگ اتھارٹی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو فیڈرل گورنمنٹ ایپپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کی ڈیجیٹائیزیشن اور اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ آن لائن ادائیگی، شکائیتوں کے اذالے کیلئے ڈیجیٹل نظام، ون ونڈو آپریشن، ریئیل ٹائم مانیٹرنگ، جیو ٹیگنگ و دیگر اصلاحات سے نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں. اجلاس کو اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات بشمول فائیو اسٹار ہوٹل، اسپتال، آئی ٹی پارک، اپارٹمنٹ کمپلیکسز اور بین الاقوامی معیار کے اسکول کی تعمیر کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا. وزیرِ اعظم کی اس حوالے سے جلد تعمیراتی لاگت اور درکار وقت کے ساتھ ایک جامع لائحہ پیش کرنے کی ہدایت کی. اجلاس میں وفاقی وزراء ریاض حسین پیرزادہ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔