عمران خان تمام مطالبات سے پیچھے ہٹ جائیں گے،پیشگوئی

اسلام آباد۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سیاسی پیش گوئیوں کے حوالے سے مشہور منظور وسان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور پارٹی کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آہستہ آہستہ اپنے مطالبات سے دستبردار ہوتے جائیں گے اور کسی نہ کسی طرح ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کے مطالبات تسلیم کیے جانے کے امکانات نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو بلند و بانگ دعوے اور مطالبات گزشتہ سال کیے تھے، ان سے بھی وہ پیچھے ہٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا وہ دباؤ اور اثرورسوخ جو پہلے محسوس ہوتا تھا، نئے سال میں ماند پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ پارٹی کی پوزیشن اور مقبولیت میں بھی کمی آتی جارہی ہے۔

منظور وسان نے عالمی سیاست کے تناظر میں کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے حق میں ڈونلڈ ٹرمپ کچھ کہیں گے، تو ہم بھی انہیں “Absolutely Not” کہہ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی حالات تبدیل ہو چکے ہیں اور اب کوئی بھی کسی دباؤ میں آنے کو تیار نہیں۔

آخر میں انہوں نے پیش گوئی کی کہ پی ٹی آئی مختلف دھڑوں میں تقسیم ہوتی دکھائی دے رہی ہے، اور پارٹی میں اختلافات مزید گہرے ہو سکتے ہیں۔