ملک میں امن خراب کرنے کی ہر کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا میں امن و استحکام کے حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی اور کہا کہ دشمن خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرے گا، لیکن ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے آج پشاور کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے اُن کا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو موجودہ ملکی سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے اداروں کی مثالی کامیابیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “ہماری فورسز نے بے مثال بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں سے دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں کمزور کیا ہے۔ اہم دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ان کے نیٹ ورکس کو تباہ کرکے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ یہ جنگ اپنے انجام تک جاری رہے گی، ان شاء اللہ۔”

آرمی چیف نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی سلامتی اور امن کی بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کئی حملوں کو ناکام بناتے ہوئے ملک میں استحکام قائم رکھا ہے۔

جنرل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو فیصلہ کن اور مؤثر انداز میں ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، “دشمن خوف اور انتشار پھیلانے کی کوشش کرے گا، لیکن ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ دشمن عناصر کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔”

انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کی ہمت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک ناقابل تسخیر قوت کے طور پر متحد ہیں۔

دورے کے دوران، آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جہاں شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد اور عوامی حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔