توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کے خلاف گواہی کیلیے دو سابق ملٹری سیکریٹریز طلب

اسلام آباد ۔توشہ خانہ ٹو کیس میں پراسیکیوشن نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دو اہم گواہوں، بریگیڈیئر محمد احمد محمود اور کرنل ریحان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔

 بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ کر درخواست دائر کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کی۔ ان کی اور عمران خان کی جانب سے یہ درخواست گزشتہ روز جمع کروائی گئی تھی۔ بشریٰ بی بی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد فوراً واپس روانہ ہو گئیں۔

بعد ازاں، اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پیش ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ، علیمہ خان، عظمیٰ خانم، نورین خانم، کزن قاسم خان، ایف آئی اے کے گواہ طلعت محمود، محمد احد، محمد فہیم، عمر صدیق، اور محسن حسن سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کے دو گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، جبکہ ایک گواہ احد پر جرح مکمل ہو گئی۔ پراسیکیوشن نے اگلی سماعت کے لیے دو اہم گواہوں کو طلب کر لیا ہے، جن میں بریگیڈیئر محمد احمد محمود اور کرنل ریحان شامل ہیں۔کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ کو ہوگی۔