عسکری قیادت سے بنگلادیشی مسلح افواج کے پرنسپل سٹاف آفیسر کی ملاقاتیں

راولپنڈی ۔بنگلا دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر، لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن، ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران انہوں نے پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بنگلا دیش کے پرنسپل اسٹاف آفیسر نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سلامتی کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کو سراہا۔

اس سے قبل، لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ وژن کے حامل ہیں، اور اس وژن کی بنیاد مضبوط دفاعی تعاون پر رکھی گئی ہے۔