اسلام آباد۔حکومت نے شہریوں کو ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف منتقل کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت عوام کو بجلی سستی فراہم کرنے اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے عوامی مفاد سے متعلق فیصلوں کو ہم شفافیت کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔ رواں سال گردشی قرضے میں 12 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے، جبکہ ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کا نقصان جو گزشتہ سال 240 ارب روپے تھا، اس سال 170 ارب روپے سے زیادہ نہیں ہونے دیا گیا۔ بہتر گورننس اور غیر سیاسی بورڈز کی وجہ سے ابتدائی پانچ ماہ میں 53 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی۔
وزیر توانائی نے مزید بتایا کہ ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کی کمی ہے، لیکن اس کاروبار کی حوصلہ افزائی اور شہریوں کو سستا متبادل فراہم کرنے کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔ الیکٹرک موٹر سائیکل پر منتقلی سے ایندھن کے مقابلے میں 77 فیصد تک کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے لیے اجازت نامہ اب 15 دن میں ای پورٹل کے ذریعے مل جائے گا، جس کے لیے کسی افسر سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بجلی کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے اسے 71 روپے سے 39 روپے تک لایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے انڈسٹریل اسٹیٹس اور اسپیشل اکنامک زونز کے مسائل حل کرنے کے لیے ون ونڈو آپریشن کا اعلان کیا، جس سے تمام بلنگ اور کنکشنز کے مسائل ایک جگہ پر حل ہوں گے۔ یہ اقدام کاروباری افراد کے لیے بڑی سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آلودگی اور ایندھن کی درآمد سے بچنے کے لیے الیکٹرک گاڑیاں عام کی جائیں۔ موٹر سائیکل اور تھری ویلرز کے لیے 6 ارب ڈالر کا ایندھن امپورٹ کیا جاتا ہے، جو الیکٹرک وہیکلز کی مدد سے بچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے مہنگے دام اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے چارجنگ اسٹیشنز کی کمی ہے، لیکن اب چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف کو 45 فیصد کم کرکے 39.70 پیسے فی یونٹ کر دیا گیا ہے، تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کا چارجنگ خرچ کم ہو سکے۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ عوام ان اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا سفر جاری ہے اور پاکستان جلد خطے کے ممالک میں سب سے سستی بجلی فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا۔