پشاور میں آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، چند دنوں میں حالات بہتر ہونے کی امید ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے براہ راست ملاقات کی ہے، جسے پی ٹی آئی چیئرمین نے انتہائی مثبت اور خوش آئند قرار دیا ہے۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے براہ راست ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ براہ راست مذاکرات کو موجودہ مسائل کے حل کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ انہوں نے اور علی امین گنڈاپور نے آرمی چیف سے ملاقات کے دوران پارٹی کے تمام خدشات، ترجیحات اور مطالبات پیش کیے۔

اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے اس ملاقات کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات جاری تنازعات کے حل کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے تمام معاملات آرمی چیف کے سامنے رکھے گئے ہیں اور مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے بھی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ گوہر خان نے پشاور میں آرمی چیف سے ملاقات کی تھی۔ عمران خان نے اس ملاقات کو موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔