وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ اپوزیشن کے شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے قوم کو ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں بھلادیں۔
اوورسیز کنونشن سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے تقریباً 20 سال یہ کہا کہ آصف علی زرداری پاکستان کا کرپٹ ترین شخص ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا نام ’ڈیزل‘ بھی ن لیگ نے رکھا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان اب اکھٹے ہوگئے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ملک بچانے نکلے ہیں، اگر ان تینوں نے ملک بچانا ہے تو بہتر ہے عمران خان کے ساتھ ڈوب جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس وقت کا انتظار کر رہے تھے اور شکر ہے اللہ کا کہ اپوزیشن نے انہیں یہ موقع دیا اور عدم اعتماد پیش کردی، اب یہ کپتان کے جال میں پھنس گئے ہیں، ان کی عدم اعتماد تو ناکام ہوگی ہی 2023 کے الیکشن سے بھی یہ لوگ گئے۔
کنونشن میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزراء بھی شریک ہیں۔ کنونشن سے وفاقی وزیر اسد عمر اور شیریں مزاری نے بھی خطاب کیا۔
اوورسیز کنونشن سے وفاقی وزیر اسد عمر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ن لیگ، پی پی حکومت کے 10 سالوں میں ترسیلات 13.4ارب ڈالر بڑھے، پی ٹی آئی کے پہلے 4سال میں ترسیلات میں 13.8ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، پی ٹی آئی کے پہلے 4سال میں ترسیلات میں 14.8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے والے پانچ بڑے ملکوں میں پاکستان شامل ہے، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کہتےہیں ماحولیات سے نمٹنا عمران خان سے سیکھنا چاہیے، ماضی کے حکمرانوں کےسرے محل اور لندن جائیدادوں کی داستانیں سب جانتے ہیں، پچھلے دس سال میں 6.6 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں، صرف اس سال برآمدات میں 7.5 ارب ڈالر اضافہ ہونے جارہا ہے، نیاپاکستان بنتاہوانظر آرہاہے۔