اعلیٰ سطحی امریکی سرمایہ کاری وفد کی پاکستان آمد،معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد۔امریکا کا اعلیٰ سطحی سرمایہ کاری وفد دو روزہ دورے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود ہے جو گزشتہ روز پاکستان پہنچا،وفدکی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، نئی امریکی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اس وفد کا پاکستان آنا ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، معاشی تعلقات اور دو طرفہ تعلقات کی نئی راہوں کا آغاز کرے گا۔

دورے کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان متعدد انویسٹمنٹ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ جینٹری بیچ کی پاکستان آمد کو ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ نئی امریکی حکومت کے تحت کسی بھی امریکی وفد کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

جینٹری بیچ نے ایک تقریب میں پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا، “پاکستان کے لوگ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کر چکے ہیں۔ پاکستان ایک حیرت انگیز ملک ہے، اور یہاں کا ماحول امریکی صدر ٹرمپ کے لیے سازگار ہے۔”

انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام امریکا کے ساتھ مثبت شراکت داری اور اچھے دوست کے طور پر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ جینٹری بیچ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مستحکم اور باہمی تعاون پر مبنی بنائیں۔

اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔