وزیراعظم سے وزیر داخلہ کی ملاقات،دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیا

وزیرِاعظم سے وزیرِ داخلہ کی ملاقات ہوئی، جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران اپنے حالیہ دورۂ امریکا کے حوالے سے آگاہ کیا، جہاں انہوں نے اہم امریکی حکام، کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقات کے دوران انہوں نے وزیرِاعظم کو چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے جاری تیاریوں سے بھی باخبر کیا، جس پر وزیرِاعظم نے محسن نقوی اور متعلقہ بورڈ کے تمام ارکان کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیرِ داخلہ نے وزیرِاعظم کو اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جس پر وزیرِاعظم نے منصوبوں پر کام کی رفتار کو سراہتے ہوئے اس کی مزید بہتری پر زور دیا۔

علاوہ ازیں، محسن نقوی نے وزیرِاعظم کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف جاری آپریشن کی تفصیلات اور پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیرِاعظم سے ملاقات کے دوران وزیرِداخلہ نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ پیش کی۔