لاہور۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 8 فروری کو احتجاج کے معاملے پر تحریک انصاف سے درخواست کریں گے، اور اگر ہماری درخواست کو قبول نہ کیا گیا تو پھر 26نومبر کی طرح ریاست حرکت میں آئے گی۔
لاہور کے علاقے پیکیو روڈ پر قائم میگا پاسپورٹ سینٹر کے دورے کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے 26 نومبر کو بھی یہی درخواست کی تھی اور اب 8 فروری کے احتجاج کے حوالے سے بھی کریں گے، اگر اس بار بھی ہماری بات نہ مانی گئی تو پھر حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ تھا، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 14 مزید میگا سینٹر قائم کیے جائیں گے، جبکہ لاہور میں اسی طرز کے مزید تین مراکز بنائے جائیں گے، اور شملہ پہاڑی سینٹر کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔ جو شہری قانونی طریقے سے بیرون ملک سفر کر رہے ہیں، اگر انہیں ایئرپورٹ پر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے تو اس مسئلے کو بھی حل کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے اور کسٹمز میں بھی نمایاں تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ گجرانوالہ اور گجرات سے بڑی تعداد میں لوگ بیرون ملک جا رہے ہیں، لہٰذا اب ایئرپورٹ پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل ہم نے پاکستان کے پاسپورٹ کے بیک لاگ کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ نادرا کے تعاون سے 14 شہروں میں پاسپورٹ دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جن میں سے لاہور میں تین دفاتر کام شروع کر چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کی خواہش ہے اور جلد از جلد اس منصوبے کو مکمل کریں گے۔