دوست نما دشمن کو ہر حال میں شکست ہوگی، آرمی چیف

راولپنڈ ی ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دوست نما دشمنوں کو ہر صورت شکست ہوگی اور ہماری افواج انہیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سینئر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (CMH) کا بھی دورہ کیا اور زخمی جوانوں کی عیادت کی۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کے عزم کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر واضح کیا”ہم دوغلی پالیسی اپنانے والوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو ایک طرف ظالم کے ساتھی بنتے ہیں اور دوسری طرف معصومیت کا لبادہ اوڑھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاہم تمہارا تعاقب کرتے رہیں گے، جب بھی ضرورت پڑی، تمہیں نشانہ بنائیں گے۔ ہم بیرونی آقاؤں کے سہولت کاروں سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ “یہ عناصر دوغلے معیار میں مہارت رکھتے ہیں، یہ ایک طرف سے چوری کی اجازت دیتے ہیں اور دوسری طرف چور کو پکڑنے کا ڈرامہ کرتے ہیں۔ لیکن ہماری افواج ایسے دوست نما دشمنوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرے گی۔