لاہور۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے اور جلد ہی پاکستانی معیشت دنیا کی بہترین معیشتوں میں شمار ہوگی۔
اپنے حلقے میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ وفاداری اور خدمت کا درس دیا ہے، اور یہ نواز شریف کی قیادت کا نتیجہ ہے کہ آج پارٹی متحد اور مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہیں، شرح سود میں کمی آ رہی ہے، اور شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔
عطا تارڑ نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “ملک پر ایک نحوست کا سایہ تھا، جو پنگی، گوگی، اور کپتان کی شکل میں تھا۔ یہ لوگ پاکستان کو لوٹ کر کھا گئے اور دنیا بھر میں ہماری بدنامی کا سبب بنے۔” انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکومت کے وزرا توشہ خانہ سے قیمتی تحائف چوری کرتے رہے اور سرکاری اشیاء بیچ کر ذاتی فائدے اٹھاتے رہے، جبکہ شہباز شریف کی حکومت شفافیت اور عوامی خدمت کے عزم پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہی ہمیشہ تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ سابقہ حکومتیں صرف دولت اکٹھا کرنے اور ڈیلز کرنے میں مصروف رہیں۔ عطا تارڑ نے وعدہ کیا کہ ان کا حلقہ ایک مثالی علاقہ بنے گا، اور عوامی فلاح و بہبود کے تمام منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شہداء کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کو عوام مسترد کر چکے ہیں، “ہم شہداء کی تعظیم کرنے والے لوگ ہیں اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور کام کریں گے، کیونکہ یہ ملک ہے تو سیاست اور سیاسی جماعتیں ہیں۔”