حکومت کا مارچ سے بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی کا فیصلہ

اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مالی سال 2024-25 کی دوسری سہ ماہی کے لیے 2 روپے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے اس سلسلے میں قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) کو جمع کرا دی ہیں،اگر نیپرا ان درخواستوں کی منظوری دیتا ہے تو مارچ 2025 سے بجلی کی قیمتوں میں کمی نافذ العمل ہوگی، جس سے عوام کو مجموعی طور پر 52 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملنے کی توقع ہے ،نیپرا 12 فروری 2025 کو ان درخواستوں پر عوامی سماعت کرے گا، جس کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں یہ کمی مارچ، اپریل، اور مئی 2025 کے مہینوں کے بلوں پر اثرانداز ہوگی ، کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ لاگو ہوگی، تاہم لائف لائن صارفین، جو محدود یونٹ استعمال کرنے والے کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، اس ریلیف سے مستفید نہیں ہوں گے۔