اسلام آباد ۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے آرمی چیف کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان افراد کی حمایت کر رہی ہے جو دو مرتبہ این آر او کے تحت فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو یہ خط ایک بڑی سیاسی جماعت کے رہنما اور سابق وزیراعظم کی حیثیت سے لکھا ہے۔ اس خط میں دہشت گردی کے واقعات کے دوران فوجی اہلکاروں کی شہادتوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر چھ نکات پیش کیے گئے ہیں۔
فیصل چوہدری کے مطابق، خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔
وکیل نے مزید کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف سے پالیسی میں تبدیلی کی اپیل کی ہے۔ خط میں ملک کی انتخابی تاریخ میں ہونے والی دھاندلی، 26ویں آئینی ترمیم، پیکا قانون، پی ٹی آئی کے خلاف مبینہ ریاستی جبر، خفیہ اداروں کی آئینی ذمہ داریاں اور معاشی بحران جیسے موضوعات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ خط میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ فوج اور قوم کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، جس کی بڑی وجہ اسٹیبلشمنٹ کی موجودہ پالیسیوں کو قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے جو دو مرتبہ این آر او سے مستفید ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے عوام میں ناراضگی اور نفرت کا رجحان بڑھ رہا ہے۔